Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کولمبیا میں امریکی مزاحیہ اداکار کو اغوا کے بعد قتل کر دیا گیا

کولمبیا میں امریکہ کے مزاحیہ اداکار کو ایک خاتون کے ساتھ سیر پر جانے کے بعد اغوا کرنے کے بعد قتل کر دیا گیا۔

امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایک امریکی مزاحیہ اداکار اور سرگرم  سماجی کارکن تو گر ژیونگ کو کولمبیا کے دورے کے دوران اغوا کرنے کے بعد چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا گیا۔

مزاحیہ اداکار کی لاش لا کورکوواڈو کھائی کے پانی میں پائی گئی تھی، لاش پر چاقو کے متعدد زخم تھے۔

منی سوٹا میں مقیم 50 سالہ ایشیائی نژاد امریکی تو گر ژیونگ جنوبی امریکی ملک میں چھٹیاں منا رہے تھے جب یہ واقعہ پیش آیا۔ ان کے بھائی ایہ ژیونگ نے منگل کی صبح فیس بک پر ان کی موت کی تصدیق کی۔

تو گر ژیونگ کے اہل خانہ نے فیس بک بیان میں لکھا کہ انتہائی افسوس کے ساتھ ہم اپنے پیارے خاندان کے رکن تو گر ژیونگ کی لاش ملنے کی دل دہلا دینے والی خبر شیئر کرتے ہیں اور ان کے انتقال کا دکھ ناقابل بیان ہے۔

کولمبیا کے اخبار کے مطابق ژیونگ 29 نومبر کو کولمبیا کے شہر میڈلین پہنچے تھے اور انہوں نے کولمبیا میں چھٹیاں گزارنے کا منصوبہ بنایا تھا۔

اتوار 10 دسمبر کو انہوں نے ایک خاتون سے ملنے کا فیصلہ کیا جس سے وہ سوشل میڈیا پر ملے تھے۔ تاہم پراسرار خاتون سے ملنے کے فورا بعد ہی مردوں کے ایک گروپ نے اس پر حملہ کیا اور اسے اغوا کر لیا۔

کولمبیا کے اخبار کے مطابق اغواکاروں نے اسے یرغمال بنا لیا اور پیسوں کے لئے اس کے اہل خانہ اور دوستوں سے رابطہ کیا۔ انہوں نے 2 ہزار ڈالر کا مطالبہ کیا لیکن ایک دن بعد رقم لیے بنا ہی اسے قتل کر دیا۔

کولمبیا کی پولیس مبینہ طور پر اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا مزاحیہ اداکار فرار ہونے کی کوشش کی وجہ سے قتل ہوا۔

اس کی لاش ملنے کے بعد پولیس اس کے اپارٹمنٹ میں گئی اور ایک خاتون کو پایا جو اس کے کمرے سے سامان نکال رہی تھی۔ جب انہوں نے اس سے پوچھ گچھ کرنے کی کوشش کی تو وہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گئی۔

حکام کے مطابق کولمبیا میں اغوا کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے اور کولمبین اخبار کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ کے دوران ژیونگ سمیت تین امریکی سیاحوں کو قتل کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں