نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ گرین ہائیڈروجن ماحول دوست اوربہترین متبادل انرجی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت خصوصی اجلاس میں پنجاب میں متبادل انرجی کے طورپر گرین ہائیڈروجن پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گرین ہائیڈروجن پراجیکٹ کی اصولی منظوری دی اور پنجاب میں گرین ہائیڈورجن پراجیکٹ کیلئے جامع پلان طلب کیا۔
اجلاس میں سیکرٹری انرجی نے گرین ہائیڈروجن پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی اور گرے،بلیو وگرین ہائیڈروجن انرجی کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے واٹر کو الیکٹرولائز کر کے آکسیجن اور ہائیڈورجن کو الگ کیا جاتا ہے، پنجاب میں گرین ہائیڈروجن پراجیکٹ سے 38ملین ڈالر زرمبادلہ کی بچت اور 8سے 10ہزار افرا د کیلئے ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے جبکہ پنجاب میں پہلے گرین ہائیڈروجن پراجیکٹ کیلئے لینڈ اورواٹر سپلائی مہیا کی جائے گی۔
بریفنگ دیتے ہوئے مزید کہا گیا کہ متحدہ عرب امارات،سعودی عرب اورچین سمیت مختلف ممالک میں گرین ہائیڈروجن کا استعمال بڑھ رہا ہےجبکہ کوریا میں ہائیڈروجن انرجی پر بحری جہاز چلائے جارہے ہیں۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ مستقبل میں متبادل انرجی کے طور پر ہائیڈروجن کا استعمال ناگزیر ہے، گرین ہائیڈروجن ماحول دوست اور بہترین متبادل انرجی ہے۔
نگران صوبائی وزیر ایس ایم تنویر، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری انرجی، سیکرٹری فنانس اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
