نگران وفاقی وزیر خلیل جارج نے کہا ہے کہ پاکستان میں مسیحی کمیونٹی سمیت تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وفاقی وزیر خلیل جارج نے کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سال پاکستان میں کرسمس کو بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
خلیل جارج نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مسیحی کمیونٹی کے خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہا اور کہا کہ ہم سب پاکستانی ہیں اور اپنے ملک کی ترقی اور خوشحالی کےلیے متحد ہیں، زندگی میں تمام چیلینجز کا مقابلہ اتحاد، خوداعتمادی اور قومی اتفاق سے کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرسمس لوگوں ایک دوسرے سے قریب کر دیتا ہے اور اس کو منانے کا بہترین طریقہ غرباء، یتیم اور ضرورت مند لوگوں کو اپنی خوشی میں شامل کرنا ہے تاکہ دوریوں کو ختم کرکے خوشیاں بانٹی جاسکیں۔
نگران وفاقی وزیر خلیل جارج نے مزید کہا کہ خدا پر یقین رکھنے والے مشکل حالات میں خوف زدہ نہیں ہوتے بلکہ تمام چیلنجز کا امید، اتحاد اور مستقل مزاجی سے مقابلہ کرتے ہیں، بین المذاہب ہم آہنگی اور بقائے باہمی آگے بڑھنے کےلیے ناگزیر ہے۔
