Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان کو ٹیسٹ کرکٹ میں بہتری کے لیے جارحانہ کرکٹ کھیلنا ہوگی، افتخار احمد 

پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز افتخار احمد کا کہنا ہے قومی ٹیم کو ٹیسٹ کرکٹ میں بہتری کے لیے مثبت سوچ کے ساتھ کھیلنا ہوگا اور دفاعی حکمت عملی کے بجائے جارحانہ کرکٹ کھیلنا ہوگی۔

کراچی میں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے افتخار احمد نے کہا کہ پاکستان کو ٹیسٹ کرکٹ میں ایک دن میں 250 رنز والی سوچ کو تبدیل کرکے جارحانہ انداز اپنانا ہوگا کیوں کہ آج کل ایک دن میں ٹیمیں 400 رنز بھی بنالیتی ہیں، ایسے میں 90 اوورز کھیلنے کے بعد 250 یا 270 رنز اب معنی نہیں رکھتے۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں بھارت تو کامیاب ہوجاتی ہے لیکن پاکستان نہیں جیت پاتا، کیوں کہ بھارت کوالٹی کرکٹ کھیلتا ہے اور ہماری شکست کی بنیادی وجہ ہماری یہی سوچ ہے جس کو تبدیل کرنے کی اشد ضرورت ہے، اگر ہم جارحانہ کرکٹ کھیلیں گے تو کامیابی بھی ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ اب وہ زمانے چلے گئے جب پورا دن کھیلا اور 200 رنز کیے، اب 90 اوورز میں 400 رنز بنانا پڑتے ہیں، اگر نہیں بنائے تو آپ دباؤ میں آجائیں گے۔

اپنی ٹیم میں شمولیت سے متعلق سوال پر افتخار احمد نے کہا کہ مجھے 6 سال میں وقفہ وقفہ سے چار ٹیسٹ ملے جس کی وجہ سمجھ نہیں آئی، اگر ایک کھلاڑی  کو سلیکٹ کیا جاتا ہے تو پھر اس کو بھرپور موقع دیا جائے ، کھلاڑی ڈومیسٹک میں محنت کرکے اوپر آتا ہے ، ایک دو میچز کی بنیاد پر اس کو جج کرنا ٹھیک نہیں ہوتا۔

ایک سوال پر قومی آل راؤنڈر نے کہا کہ وہ اگلے سال ہونے والی پاکستان سپر لیگ کیلئے پرجوش ہیں، اس بار ملتان سلطانز کا حصہ بنے ہیں ، خواہش ہے کہ ایک بار پھر پی ایس ایل چیمپئن ٹیم کا حصہ بنیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version