Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں 4 فلسطینی نوجوانوں کو شہید کردیا

اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں ایک چھاپا مار کارروائی کے دوران اندھا دھند فائرنگ کرکے 4 فلسطینی نوجوانوں کو شہید کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کے ساتھ ساتھ مغربی کنارے میں بھی اپنی جارحیت کا بازار گرم کر رکھا ہے اور سرچ آپریشن کی آڑ میں نہتے فلسطینیوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔

اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے رفاہ کیمپ کا محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی لی اور اس دوران 17 سالہ راشد حبیب، 17 سالہ سمیر محمد، 20 سالہ یزان الخطیب اور 24 سالہ حکمت سمیر کو شہید کردیا۔

خیال رہے کہ مغربی کنارے میں اسرائیلی جارحیت اور یہودی آبادکاروں کے فلسطینیوں پر بلاجواز حملوں کی امریکا نے بھی شدید مذمت کرتے ہوئے اسرائیل کو ایسی کارروائیوں سے باز رہنے کا حکم دیا تھا۔

اس سے قبل اسرائیلی فوج نے غزہ کے جلبانہ پناہ گزین کیمپ پر وحشیانہ بمباری کی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 90 فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔

ترجمان وزارت صحت نے کہا کہ ہمارا خیال ہےکہ ملبے تلے دب کر مرنے والوں کی تعداد کہیں زیادہ ہے لیکن ملبے کو ہٹانے اور انہیں نکالنے کا کوئی طریقہ نہیں ہے کیونکہ اسرائیلی فروسز کی بمباری شدت سے جاری ہے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل آج ایک نئی قرارداد پر ووٹنگ کرے گی جس میں غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کیا جائے گا۔

سلامتی کونسل کی نئی قرارداد متحدہ عرب امارات کی جانب سے پیش کی گئی ہے، اس میں غزہ میں امداد کی محفوظ اور بلا روک ٹوک رسائی کے لیے فوری اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

یہ قرارداد خطے میں دو ریاستی حل کی حمایت کا بھی اعادہ کرتی ہے اور غزہ کو فلسطینی اتھارٹی کے تحت مغربی کنارے کے ساتھ متحد رکھنے کی اہمیت پر زور دیتی ہے۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک غزہ پر اسرائیلی بمباری اور زمینی کارروائیوں میں 18 ہزار 700 سے زائد فلسطینی جاں بحق اور 50 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں اب تک لاپتا ہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version