سیکرٹری خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور برونائی کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان برونائی دو طرفہ مشاورت اور تعاون کے افتتاحی دور کا ورچوئل طور پر انعقاد کیا گیا، افتتاحی دور کی مشترکہ صدارت پاکستان اور برونائی کے سیکرٹریز خارجہ نے کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور برونائی کے درمیان دو طرفہ مشاورت کے افتتاحی دور میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تعمیری اور بامعنی طور پر مصروف رہنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
پاکستان برونائی دو طرفہ مشاورت اور تعاون کے دوران دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے کثیر الجہتی امور پر تبادلہ خیال کیا جبکہ دونوں فریقین نے پاکستان برونائی دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تعمیری اور بامعنی طور پر مصروف رہنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
سیکریٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی نے اپنے ہم منصب کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل سے متعلق آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان اور برونائی کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات ہیں، برونائی کے ساتھ کثیر جہتی شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔
سیکرٹری خارجہ نے برونائی کی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی اور اپنے ہم منصب کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سہولت کاری کی کوششوں سے آگاہ کیا۔
