نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ نوجوانوں کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے حوالے سے جائزہ اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا،اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاحت و امور نوجوانان سید وصی شاہ اور متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کو وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پی ایم اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 2013 سے اب تک 550,000 افراد کو تربیت فراہم کی گئی ہے ؛ اگلے مرحلے میں 56,000 افراد کو تربیت دی جائے گی جس میں بڑا حصہ ہائے ٹیک اسکلز کا ہوگا۔ پی ایم لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت 2013 سے جون 2023 تک 500,000 لیپ ٹاپس نوجوانوں میں تقسیم کئے گئے ، سال 2023 میں ایک لاکھ لیپ ٹاپس نوجوانوں کو فراہم کئے جائیں گے۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ پی ایم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کے تحت 2013-2023 تک نوجوانوں کو 100.7 بلین روپے کے آسان قرضے فراہم کئے گئے جبکہ پی ایم ٹیلنٹ ہنٹ اینڈ اسپورٹس لیگ کے تحت 83,323 نوجوانوں کو بیڈمنٹن، فٹبال ، اسکواش, والی بال اور دیگر کھیلوں میں موقع دیا گیا۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ پی ایم یوتھ ڈویلپمنٹ پیکج 2023-24 میں 80 بلین روپے کی اسکیمز رکھی گئی ہیں ؛ ان اسکیمز میں ایجوکیشن انڈومینٹ فنڈ، ویمن امپاورمنٹ، بزنس اینڈ ایگریکلچر لون ٹیوب ویل سولرآئیزیشن، لیپ ٹاپس اسکیم ، اسپورٹس انڈومینٹ فنڈ, گرین ریولوشن ، ڈیجیٹل ہب ون ونڈو شامل ہیں۔
اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان نسل قوم کا مستقبل ہے، نوجوانوں کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
نگران وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کہ یوتھ پروگرام کے تحت قرضہ جات کی تقسیم میں انتہائی ذمہ داری اور احتیاط سے کام لیا جائے جبکہ خیبر پختونخوا کے نئے ضم شدہ اضلاع کے نوجوانوں کے لیے پی ایم یوتھ اسکیمز میں خصوصی اہمیت اور توجہ بھی دی جائے۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ اسکل ڈویلپمنٹ اسکیمز کے حوالے سے سے ایسی حکمت عملی ترتیب دینے کی ضرورت ہے جس سے مطلوبہ نتائج کا حصول ممکن ہو سکے۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ہدایت کی کہ اسکل ڈویلپمنٹ کے حوالے سے ماسٹر ٹرینرز کے لئے بھی تربیتی پروگرامز شروع کئے جا ئیں تاکہ ان کی صلاحیت میں اضافہ ہو سکے اور وہ دیگر لوگوں کو معیاری تربیت دے سکیں۔
