نگران وفاقی وزیر انیق احمد نے کہا ہے کہ حج پر جانیوالے تمام افراد پاکستان کے سفیر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلامی یونیورسٹی میں 5 روزہ حجاج ماسٹر ٹرینرز کی تربیت کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ مسلمان ایثار کا جذبہ رکھتا ہے اور دوسروں کے لیے بھلائی کرنے کے لیے کوشاں رہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ لوگ حج پر جانیوالے افراد کی بھرپور رہنمائی کر رہے ہیں جو مناسک حج ادا کرنے میں مدد گار ہوگی اور وہ اس مذہبی فریضہ کو بھرپور انداز میں ادا کر سکیں گے۔
انیق احمد نے یہ بھی کہا کہ حج خود سے خدا تک کے سفر کا نام ہے ، اس دفعہ خواتین کو پہلی دفعہ عبایا بھی دیا جائے گا جس پر پاکستانی پرچم بنا ہوگا، حج پر جانیوالے تمام افراد پاکستان کے سفیر ہیں۔
نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے مزید کہا کہ خواتین دینی اقدار سکھاتی ہیں،ہمیں دین کو نسلوں تک پہنچانے کی ضرورت ہے، ثقافت کو دین نہ بنایا جائے، آخرت میں والدین سے بھی سوال ہوگا کہ انہوں نے بچوں کی کس طرح تربیت کی۔پانچ روزہ ماسٹر ٹرینرز کورس میں ملک بھر سے 53 خواتین شامل تھیں۔
