Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ملک کی ترقی میں محنت کش خواتین کا اہم کردار ہے، چیئرمین سینیٹ

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ ملک کی اقتصادی ترقی میں محنت کش خواتین کا اہم کردار ہے۔

تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے ’’نیشنل ورکنگ ویمن ڈے‘‘ کے موقع پر خواتین کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ورک فورس میں شامل ہونے والی خواتین کی بڑھتی ہوئی تعداد ان کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے،گزشتہ چند سالوں کے دوران پاکستان کی حکومت اور پارلیمنٹ نے کام کی جگہ پر خواتین کیلئے غیر معمولی اقدامات اٹھائے ہیں جن میں خواتین کو ان کے کام کی جگہ پر ہراساں کئے جانے کے خلاف قانون سازی کرنا بھی شامل ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ خواتین کو ہراساں کرنے کے خلاف تحفظ ایکٹ خواتین کیلئے محفوظ اور سازگار ماحول کو یقینی بنانے کے لئے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے،پاکستانی پارلیمنٹ غیر امتیازی ماحول، یکساں ترقی کے مواقع فراہم کرنا، زچگی کی چھٹی جیسے انتظامات کو یقینی بنا کر خواتین کو کام کی جگہ پر بااختیار بنانے کیلئے بھرپور کوشش کر رہی ہے تاکہ خواتین کو کام کی جگہ پر جامع اور معاون ماحول فراہم کیا جاسکے۔

محمد صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ خواتین پاکستان کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں، ملک کی اقتصادی ترقی میں بھی ان محنت کش خواتین کا اہم کردار ہے،کام کی جگہ پر خواتین کو معاون ماحول فراہم کرنے کیلئے “میٹرنٹی اور پیٹرنٹی لیو ایکٹ، 2023” کو سراہتے ہیں،اس ایکٹ سے سروس کے دوران بچے کی پیدائش پرخواتین کو مکمل تنخواہ کے ساتھ پہلی بار 180 دن،دوسری بار 120 دن اور  تیسری بار 90 دن کی چھٹی دی جاتی ہے۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا مزید کہنا تھا کہ ہم مل کر ایک ایسا پاکستان بنانے کی کوشش کریں جہاں ہر عورت کو اپنے خوابوں کو پورا کرنے اور ملک کی خوشحالی و ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کا موقع ملے،ہمیں چاہئے کہ ایسے اقدامات کی حمایت کریں جو صنفی مساوات کو فروغ دیں خواتین کو بااختیار بنائیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version