Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ہم لوگوں کا مستقبل روشن کرنے نکلے ہیں، فردوس عاشق اعوان

فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ہم لوگوں کا مستقبل روشن کرنے نکلے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات آئی پی پی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان سے وفا کرنے والے لوگ ہیں، پاکستان سے وفاداری ہمارا پہلا اور آخری نظریہ ہے، جہانگیر خان ترین کی قیادت اور عبدالعلیم خان کی صدارت میں آئی پی پی عوام کی تقدیر بدلنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی مرداروں سے منہ موڑ کر آئی پی پی کے انتخابی نشان شاہین کا ساتھ دیں، ہم لوگوں کا مستقبل روشن کرنے نکلے ہیں، آئی پی پی کاغذات نامزدگی کے آخری دن اپنے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کرے گی۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے یہ بھی کہا کہ قائدین کی کچھ سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات چیت بھی ابھی جاری ہے، اپنے حلقے سے پی پی 44 اور پی پی 45 کے لئے آئی پی پی کے ہم خیال اور مضبوط امیدوار سامنے لائیں گے۔

 مرکزی سیکرٹری اطلاعات آئی پی پی کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کا مقابلہ سیاسی دائو پیچ سے ہی کریں گے، پاکستان کے وجود کو زخمی کرنے والے عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔

 ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم حقیقی عوامی نمائندے ہیں اور ہماری سیاست کا محور آپ لوگوں کی فلاح و بہبود ہے، ہمیشہ یہاں پالیسی کا فقدان رہا اور لوگ شخصیات کے پیچھے لگے رہے، ہم شخصیات کے پیچھے ہرگز نہیں بلکہ نظریہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آئی پی پی نظریہ پاکستان کی امین بن کر اپنی عوام کے سامنے حاضر ہے، شاہین کا نشان لیکر اقبال کے شاہینوں کو ساتھ لیکر آگے بڑھ رہے ہیں۔

مرکزی سیکرٹری اطلاعات آئی پی پی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ 9 مئی والوں کو للکار کر کہتے ہیں کہ ہم پاکستان اور اسکی بقاء کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم آپ کے مذموم مقاصد کسی صورت بھی کامیاب نہیں ہونے دینگے، انشاءاللہ شاہین کی اونچی پرواز سے ملک آگے بڑھے گا اور ترقی و خوشحالی کی منازل طے کرے گا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version