کراچی میں کینٹ ریلوے اسٹیشن پر بیگ سے بم برآمد ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کینٹ پر موجود پولیس اہلکاروں کو پشاور سے کراچی آنے والی مسافر ٹرین عوام ایکسپریس کے اندر مشکوک سامان کی موجودگی کی اطلاع ملی۔
ریلوے پولیس کا کہنا ہے کہ کینٹ اسٹیشن پلیٹ فارم نمبر 2 پر مشکوک بیگ پایا گیا، مشکوک بیگ میں بیٹری نما کوئی چیز ہے جس میں تاریں لگی ہوئی ہیں، بی ڈی ایس کو طلب کرلیا ہے۔
اطلاع ملتے ہی بم ڈسپوزل اسکواڈ کینٹ اسٹیشن پہنچا، بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے کینٹ اسٹیشن پر مشکوک سامان کی سرچنگ کے بعد بم کی موجودگی کی تصدیق کی۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ساؤتھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ کراچی کینٹ اسٹیشن پر بیگ سے بم برآمد ہوا ہے جبکہ برآمد کیے گئے بیگ میں آئی ای ڈی ڈیوائس بھی موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوا 9 بجے مشکوک بیگ کی اطلاع ملی تھی،مشکوک بیگ ٹرین میں سیٹ کے نیچے رکھا ہوا تھا اور ٹرین پشاور سے کینٹ اسٹیشن پہنچی تھی۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے مزید کہا کہ بم کو ناکارہ بنانےکی کوشش کی جارہی ہے، ساؤتھ زون کی بم ڈسپوزل ٹیم بم ناکارہ بنانے کی کوششوں میں مصروف ہے، بم کا وزن بظاہر بارہ سے تیرہ کلو معلوم ہورہا ہے۔
