الیکشن کمیشن کے احکامات پر آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر خان اور ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن کو ہٹا دیا گیا۔
الیکشن کمیشن کی ہدایت پر آئی جی اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو ہٹانے کے لیے کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔ وزیراعظم آفس نے ڈی سی اور آئی جی اسلام آباد کو تبدیل کرنے کے لیے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے افسروں کے نام مانگ لیے۔
اس حوالے سے سیکرٹری ٹو پرائم منسٹر خرم آغا نے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو مراسلہ لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کی منظوری کے لیے افسران کا پینل تجویز کیا جائے۔
اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آئی جی اسلام آباد اور ڈی سی اسلام آباد کے خلاف سیاسی جماعتوں کی جانب سے شکایات پر دونوں کو عہدوں سے ہٹانے کا حکم دیا تھا۔
تاہم دونوں کو واضح احکامات کے باوجود عہدوں سے نہ ہٹائے جانے پر الیکشن کمیشن نے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو 26 دسمبر کو طلب کر رکھا تھا۔
اب اسٹیلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر خان اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔
دوسری جانب نگران وزیراعظم نے احد چیمہ کو بھی عہدے سے ہٹانے کی سمری صدر مملکت عارف علوی کو ارسال کر دی ہے۔ کابینہ ڈویژن کی سمری کے مطابق الیکشن کمیشن نے احد چیمہ کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ دیا تھا۔

















