یورپی کمیشن کے سابق صدر جیکس ڈیلرز، جنہیں جدید یورپی یونین کا معمار کہا جاتا ہے، 98 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے کی خبر کے مطابق اجیکس ڈیلرز نے یورپی بلاک کے اندر لوگوں ، سامان اور خدمات کی آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت دینے والی سنگل مارکیٹ بنانے میں مدد کی، اور یورپی کرنسی یورو کی بنیاد رکھی۔
سابق صدر یورپی یونین جیکس ڈیلرز کی بیٹی مارٹن اوبری نے بتایا کہ وہ بدھ کی صبح پیرس میں اپنے گھر میں سوتے ہوئے انتقال کر گئے تھے۔
فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے 1981 سے 1984 تک فرانس کے وزیر خزانہ کے طور پر خدمات انجام دینے والے ڈیلرز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ فرانسیسی تقدیر کے حامل سیاستدان اور ہمارے یورپ کے لازوال کاریگر ہیں۔
صدر ایمانوئل میکرون نے کہا کہ ان کا عزم، ان کے نظریات اور ان کی راستبازی ہمیں ہمیشہ متاثر کرتی رہے گی۔ میں ان کے کام اور ان کی یادوں کو سلام کرتا ہوں اور ان کے پیاروں کے درد میں شریک ہوں۔
جیکس ڈیلرز نے یورپی کمیشن کے صدر کی حیثیت سے تین بار خدمات انجام دیں ، جو کسی اور کے مقابلے میں طویل عرصے تک تھیں۔
یورپی یونین کے موجودہ صدر ارسلا وان ڈیر لیئن نے کہا کہ جیکس ایک بصیرت مند تھے جنہوں نے ہمارے یورپ کو مضبوط بنایا۔
یورپی کونسل کے صدر چارلس مشیل نے انہیں ایک عظیم فرانسیسی اور ایک عظیم یورپی قرار دیا جو ہمارے یورپ کے معماروں میں سے ایک کے طور پر تاریخ میں داخل ہوئے تھے۔
