وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تین حلقوں کے لیے ریٹرننگ افسران جانچ پڑتال کر رہے ہیں، آج تینوں حلقوں سے 53 امیدواروں کو طلب کیا گیا تھا جبکہ 49 امیدواروں کے کاغذات کی اسکروٹنی مکمل کی گئی ہے۔
اسلام آباد کے حلقوں این اے 46، این اے 47 اور این اے 48 سے 208 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل 30 دسمبر تک جاری رہے گا۔
سکروٹنی کے تیسرے روز حلقہ این اے 46 سے آر او نے آج 17 امیدواروں کو طلب کیا تھا جبکہ 14 امیدوار پیش ہوئے، بابر اعوان، عبداللہ بابر اور مصطفین کاظمی سمیت دیگر اسکروٹنی کےلیے پہنچے۔
ذیشان نقوی اور آمنہ صدف پیش نہیں ہوئے جبکہ شہرزاد امینہ خٹک کے تجویز کنندہ اور تائید کنندہ کی غیر موجودگی کے باعث انکے کاغذات کی اسکروٹنی نہ ہو سکی۔
حلقہ این اے 47 سے آج بابر اعوان ، عبداللہ بابر اور سبط الحیدر بخاری سمیت 22 امیدواروں کو طلب کیا گیا تھا جبکہ این اے 48 سے 14 امیدوارطلب کیے گئے تھے۔ 13 امیدواروں کی سکروٹنی مکمل کر لی گئی جبکہ ایک امیدوار کو غیر حاضری کے باعث کل دوبارہ طلب کر لیا گیا۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے پاکستان میں عام انتخابات کے لیے آٹھ فروری 2024 کی تاریخ کا اعلان کیا ہے جس کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے جبکہ کاغذات نامزدگی کی وصولی کا وقت بھی ختم ہوچکا ہے لہٰذا الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
عام انتخابات کے لئے ہزاروں امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، انتخابات کے دوسرے مرحلے میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل شروع ہوگیا جو30 دسمبر تک جاری رہے گا۔
ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے 28 ہزار 626 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں جبکہ قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں کیلئے 7242 مرد اور 471 خواتین امیداروں نے کاغذات جمع کرائے ہیں۔
