Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بلاول بھٹو کی مولانا راشد محمود سومرو کی رہائش گاہ آمد

جمیعت علمالئے اسلام کے رہنما مولانا راشد محمود سومرو کا کہنا تھا کہ میں بلاول بھٹو کا شکر گزار ہوں کہ وہ ہمارے غم میں شریک ہوئے، یہ سیاست کا حسن ہے کہ ہم ایک دوسرے کے غم اور خوشی میں شریک ہوتے ہیں۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جے یو آئی سندھ کے سیکرٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو سے ملاقات کے لیے کراچی میں ان کی رہائش گاہ پر پہنچے۔ مولانا راشد سومرو اور مولانا ناصر سومرو سمیت دیگر رہنماؤں نے بلاول بھٹو زرداری کو خوش آمدید کہا۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مولانا راشد سومرو کی بیٹی کی وفات پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بیٹی کی وفات بڑا صدمہ ہے، اللہ مولانا راشد سومرو کے خاندان کو صبر دے۔

بعد ازاں دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پیپلز پارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ، سہیل انور سیال ودیگر بھی موجود تھے جب کہ جے یوآئی کے اسلم غوری ، مولانا عبدالکریم عابد، مولانا ناصر سومرو ، قاری عثمان، مولانا سمیع سواتی ، مولانا حماد اللہ شاہ ، ڈاکٹر شفیق سومرو بھی موجود تھے۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا راشد محمود سومرو کا کہنا تھا کہ میں بلاول بھٹو کا شکر گزار ہوں کہ وہ ہمارے غم میں شریک ہوئے، یہ سیاست کا حسن ہے کہ ہم ایک دوسرے کے غم اور خوشی میں شریک ہوتے ہیں۔

مولانا راشد سومرو کا کہنا تھا کہ جے یوآئی ایک مسلمہ سیاسی قوت بن چکی ہے ، ہم سندھ میں سرپرائز دینے کی پوزیشن میں آچکے ہیں، جے یو آئی سندھ کی بڑی سیاسی مذہبی قوت بن چکی ہے اور ہم نے الیکشن کی تیاریاں کرلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں ساڑھے تین سال تک انتخابات کے مطالبے کی تحریک ہم نے چلائی، بدامنی کی حالیہ لہر انتہائی خطرناک ہے، حالات اور موسم کا مطابقت رکھنا ضروری ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version