امریکی ریاست نیو جرسی میں امام مسجد کو نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کرکے شہید کردیا گیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ریاست نیوجرسی کے شہر نیو آرک کی ایک مسجد کے باہر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جہاں ملزمان امام مسجد کی گاڑی پر فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہوگئے۔
امریکی پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں امام مسجد شدید زخمی ہوئے، جنہیں شدید تشویشناک حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ مسجد کے باہر امام مسجد کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کے لیے پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا گیا اور اس سلسلے میں گھر گھر جاکر تفتیش کی جارہی ہے اور فائرنگ کرنے والے ملزم کی تلاش جاری ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ امام مسجد کے فرائض انجام دینے والے حسن شریف 2006 سے نیوآرک انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ٹرانسپورٹ سیکیورٹی افسر کے فرائض انجام دے رہے تھے جب کہ وہ گزشتہ 5 سال سے نیوارک کی مسجد میں امامت کی فرائض سر انجام دے رہے تھے۔
رپورٹس کے مطابق امریکی حکام کی جانب سے فائرنگ کرنے والے شخص کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والے کو 25 ہزار ڈالرز انعامی رقم دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔




















