انڈونیشیا میں دو ٹرینوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 22 زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق ریلوے آپریٹر نے بتایا کہ 287 مسافروں کو لے جانے والی انٹرا سٹی ٹرین اور 191 مسافروں پر مشتمل ایک لوکل لائن کے درمیان حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجے سیکلنگکا کے قریب پیش آیا۔
مغربی جاوا صوبے میں دونوں ٹرینوں کی اگلی بوگیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھیں جبکہ دیگر ٹرینیں پٹری سے اتر کر الٹ گئیں۔
ٹرینوں میں سوار تقریبا 500 مسافروں میں سے کسی کے ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ہے ، اب تک چاروں ہلاکتوں میں ٹرین کا عملہ شامل ہے۔
کمپنی کے ترجمان نے کہا کہ کے اے آئی کو چار ٹرین افسران کی ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار ہے جو ٹرین ڈرائیور، اسسٹنٹ، اسٹیورڈ اور سیکیورٹی گارڈ تھے۔
زخمیوں کی تعداد مختلف بتائی گئی ہے۔ پولیس نے یہ تعداد 37 بتائی ہے جبکہ ریلوے آپریٹر نے بتایا کہ 22 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس کے ترجمان ابراہیم ٹومپو نے کہا کہ تمام مسافروں کو نکال لیا گیا ہے اور زخمیوں کو مقامی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
تاہم ابراہیم ٹومپو کا کہنا تھا کہ ایک مشترکہ ریسکیو ٹیم حادثے میں ہلاک ہونے والے ٹرین کے عملے کے ایک رکن کی لاش نکالنے کے لیے اب بھی کام کر رہی ہے۔
ٹومپو کا کہنا تھا کہ ایک متاثرہ شخص جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ اس کی موت ہو گئی ہے۔
حادثے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ وزارت نقل و حمل نے انخلاء میں مدد کرنے اور حادثے کی تحقیقات کرنے کے لئے ٹیمیں تعینات کی ہیں۔




















