جاپان میں نئے سال کے موقع پر آنے والے تباہ کن زلزلے کے پانچویں روز ملبے سے 90 سالہ خاتون کو زندہ نکال لیا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق جاپان کے وسطی علاقے میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں پانچ روز سے ملبے تلے دبی 90 سالہ خاتون کو بچا لیا گیا ہے تاہم اتوار کے روز برف باری اور طوفان سے امدادی کارروائیوں میں خلل پڑنے کا خدشہ ہے۔
نئے سال کے موقع پر 7.5 شدت کے زلزلے اور اس کے بعد آنے والے جھٹکوں میں کم از کم 126 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
زلزلے کے جھٹکے اور اس کے بعد آنے والے جھٹکوں سے عمارتیں منہدم ہوگئیں، آگ بھڑک اٹھی اور سونامی کی لہریں ایک میٹر سے زیادہ بلند ہوگئیں۔
تباہ کن زلزلے کے تین دن بعد زندہ بچ جانے والوں کو تلاش کرنے کی امید عام طور پر ختم ہو جاتی ہے۔
لیکن معمر خاتون نے سوزو شہر میں ایک منہدم ہونے والے مکان کے ملبے کے نیچے پانچ دن گزارے جس کے بعد ہفتے کے روز اسے بچا لیا گیا۔
جاپان کے سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق انہیں علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا اور وہ سوالات کا واضح جواب دے رہی تھیں۔
مقامی میڈیا کی جانب سے شائع ہونے والی جائے وقوعہ کی پولیس فوٹیج میں ریسکیو اہلکاروں کو خاتون کو پکارتے ہوئے سنا گیا۔
ٹوکیو پولیس کے ایک ترجمان نے خبر رساں ادارے کو اس بات کی تصدیق کی ہے کہ یہ ریسکیو ٹوکیو اور فوکواوکا کے افسران نے کیا ہے تاہم وہ مزید تفصیلات نہیں دے سکتے۔
جزیرہ نما نوٹو میں جہاں پیر کو آنے والے زلزلے کے نتیجے میں متعدد علاقوں کا رابطہ منقطع ہو گیا ہے، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جبکہ ایک اندازے کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے امدادی گاڑیاں بھی بند ہو گئی ہیں۔
جاپان کے اہم جزیرے ہونشو کے ساحل پر واقع جزیرہ نما میں اتوار کی سہ پہر تک سرد بارشوں کے برف میں تبدیل ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
