پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے باجوڑ میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانی نقصان پر اپنے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے پولیس کے شہدا ءکے اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا جبکہ پرویز اشرف نے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
پرویز اشرف نے دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ دہشتگرد بزدلانہ کارروائیوں سے سکیورٹی فورسز کے حوصلے متزلزل نہیں کر سکتے، پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
باجوڑ؛ پولیس وین پربم حملہ، پانچ اہلکار شہید
خیبرپختونخوا کے شمالی ضلع باجوڑ میں پولیس ٹرک پر بم حملے میں 5 پولیس اہلکار جاں بحق اور 22 زخمی ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تحصیل ماموند کے علاقے بیلوٹ فرش میں پولیو سیکیورٹی کیلئے جانیوالی پولیس ٹرک کے نزدیک دھماکا ہوا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق بم دھماکے میں 5 پولیس اہلکار شہید جبکہ چوبیس زخمی ہوئے ہیں جن میں بیشتر کی حالت تشویش ناک ہے۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہید اہلکاروں میں حبیب الرحیم، مناسب خان، محمد رؤوف، خان محمد، علی رحمان شامل ہیں۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ لاشوں اور زخمیوں کو خار اسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے، خار اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
