Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بلے کے انتخابی نشان پر تحریک انصاف کی اپیل پر سپریم کورٹ میں بینچ تشکیل

سپریم کورٹ آف پاکستان نے بلے کے انتخابی نشان پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی اپیل پر بنچ تشکیل دے دیا۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کل سماعت کرے گا، بینچ میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی شامل ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف  نے بلے کے انتخابی نشان کی بحالی سے متعلق درخواست 10 کو سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی تھی، سپریم کورٹ کا بینچ کل پی ٹی آئی اپیل پر سماعت کرے گا۔

یاد رہے کہ 4 جنوری کو پی ٹی آئی نے ’بلے‘ کا انتخابی نشان واپس لینے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

سابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا اور اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ پشاور ہائی کورٹ کے جج نے قانون کی غلط تشریح کی جس کے باعث ناانصافی ہوئی، 26 دسمبر 2023 کو عارضی ریلیف دیا گیا تھا۔

پی ٹی آئی کی درخواست میں مزید کہا گیا کہ عارضی ریلیف سے قبل فریقین کو نوٹس دیا جانا ضروری نہیں، ناقابل تلافی نقصان کے خدشات کے تحت عبوری ریلیف دیا جاتا ہے، پشاور ہائی کورٹ کو بتایا کہ ’بلے‘ کا نشان نہ ملنے سے ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔

درخواست میں سپریم کورٹ سے پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے اور اپیل کو کل جمعہ کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز 3 جنوری کو ’بلے‘ کے انتخابی نشان کی بحالی کے خلاف الیکشن کمیشن کی درخواست پر پشاور ہائی کورٹ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے اپنا حکم امتناع واپس لے لیا تھا، جس کے بعد پی ٹی آئی اپنے انتخابی نشان بلے سے اور بیرسٹر گوہر خان پارٹی چیئرمین شپ سے محروم ہوگئے، پشاور ہائی کورٹ کے ’بلے‘ کے انتخابی نشان پر حکم امتناع واپس لینے کے فیصلے کے خلاف بیرسٹر گوہر خان نے سپریم کورٹ جانے کا اعلان کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version