وزارت مذہبی امور کی جانب سے سرکاری اسکیم کے تحت 21 ہزار سے زائد حج کوٹہ سعودی عرب کو واپس کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔
سرکاری حج اسکیم کے تحت ہی درخواست دینے والے سوا 5 ہزار پاکستانیوں کو حج پر نہیں بھجوایا جائے گا جب کہ ریگولر حج اسکیم کے تحت 5ہزار 6سو33 درخواست دہندہ حج سے محروم رہ جائیں گے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ آئندہ برس کے لئے حج قرعہ اندازی میں 5ہزار 633 درخواست دہندہ ناکام قرار پائے تھے تاہم سرکاری ریگولر اسکیم کے عازمین حج کو ایڈجسٹ کرنے کے بجائے رقم واپس کر دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ سرکاری اسپانسر شپ حج اسکیم میں 25 ہزار کے کوٹے پر صرف 4ہزار درخواستیں موصول ہوئیں، 21ہزار سے زائد خالی رہ جانے والا کوٹہ سعودی عرب کو واپس کیا جائے گا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اسپانسرشپ اسکیم میں توقع سے کم ڈالر موصول ہوئے، حکومت ریگولر اسکیم کے تحت 5 ہزار 600 عازمین حج کے لیے ڈالر دینے پر تیار نہیں، ریگولر حج اسکیم میں 69 ہزار 438 درخواستیں موصول ہوئی تھیں-
ذرائع نے مزید کہا کہ ریگولر کوٹہ کے قرعہ اندازی میں 63 ہزار 805 خوش نصیب عازمین حج منتخب ہوئے تھے، قرعہ اندازی میں رہ جانے والے 5633 درخواست گزاروں کو دس لاکھ 65 ہزار اور دس لاکھ 75ہزار روپے واپس کئے گئے جب کہ آئندہ حج کے ناکام درخواست گزاروں کو مجموعی طور پر 6ارب روپے واپس کئے گئے ہیں۔
