گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ پاکستان، مصر اور شمالی افریقہ میں مہنگائی بہت بڑا مسئلہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر تجارت گوہر اعجاز نے پاکستان افریقہ ٹریڈ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان معاشی طور پر ٹیک آف کرنے کیلئے تیار ہے ، پاکستان کی معیشت کو ایک ہزار ارب ڈالرز تک پہنچانا مشن ہے، پاکستان کی برآمدات کو 100 ارب ڈالرز کرنے کا پلان ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، مصر اور شمالی افریقہ میں مہنگائی بہت بڑا مسئلہ ہے، پاکستان، مصر اور شمالی افریقہ کے ممالک کے ساتھ باہمی تجارت بڑھانے کیلئے اقدامات کر رہا ہے۔
نگران وزیر تجارت نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اب زراعت پر توجہ مرکوز کر رہا ہے، پاکستان میں لاکھوں ایکڑ رقبہ کارپوریٹ فارمنگ کیلئے مختص کیا جا رہا ہے، پاکستان گندم ، سویابین، تل سمیت کئی زرعی اجناس پیدا کرے گا۔
گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ پاکستان لائیو اسٹاک کے شعبے کو ترقی دے رہا ہے، پاکستان میں گوشت کی برآمدات کو بڑھانے کیلئے سلاٹر ہاوس قائم کیے جا رہے ہیں جبکہ پاکستان جی سی سی ممالک کے ساتھ آزادانہ تجارت کا معاہدہ کر رہا ہے۔
نگران وزیر تجارت گوہر اعجاز کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے چین کے ساتھ آزادانہ تجارت کا معاہدہ کیا ہے، مصری سرمایہ کار پاکستان کو اپنی مصنوعات برآمد کرسکتے ہیں۔پاکستان اور مصر ایک جیسی مصنوعات تیار کر رہے ہیں، مسلم ممالک مل کر معاشی طاقت بن سکتے ہیں۔
