نگران وزیر تجارت گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ مصر اور شمالی افریقہ سے باہمی تجارت بڑھانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مصر کے شہر قاہرہ میں پاکستان افریقہ ٹریڈ کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں نگران وزیر تجارت گوہر اعجاز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان معاشی طور پر ٹیک آف کرنے کیلئے تیار ہے، معیشت کو ایک ہزار ارب ڈالرز تک پہنچانا مشن ہے، پاکستان کی برآمدات کو 100 ارب ڈالرز کرنے کا پلان ہے، پاکستان مصر اور شمالی افریقہ کے ممالک کے ساتھ باہمی تجارت بڑھانے کیلئے اقدامات کر رہا ہے، تینوں ممالک میں مہنگائی بہت بڑا مسئلہ ہے۔
گوہر اعجاز نے کہا کہ پاکستان اب زراعت پر توجہ مرکوز کر رہا ہے، پاکستان میں لاکھوں ایکڑ رقبہ کارپوریٹ فارمنگ کیلئے مختص کیا جا رہا ہے، پاکستان گندم سویا بین تل سمیت کئی زرعی اجناس پیدا کرے گا، پاکستان لائیو اسٹاک کے شعبے کو ترقی دے رہا ہے، پاکستان میں گوشت کی برآمدات کو بڑھانے کیلئے سلاٹر ہاؤس قائم کیے جا رہے ہیں اور جی سی سی ممالک کے ساتھ آزادانہ تجارت کا معاہدہ کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے چین کے ساتھ آزادانہ تجارت کا معاہدہ کیا ہے، یہاں سرمایہ کاری کا بہترین موقع ہے، مصری سرمایہ کار پاکستان کو اپنی مصنوعات برآمد کر سکتے ہیں، پاکستان اور مصر ایک جیسی مصنوعات تیار کر رہے ہیں، مسلم ممالک مل کر معاشی طاقت بن سکتے ہیں۔
