Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

موٹر وے پولیس کی کارروائی، گاڑی سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد

موٹر وے پولیس نے صوابی ٹول پلازہ کے قریب ایک کاررائی میں گاڑی سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لی۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق یہ کاروائی ایم ون صوابی ٹول پلازہ کے قریب عمل میں لائی گئی، پولیس نے مشکوک گاڑی کا پیچھا کر کے اس 128.5 کلو چرس اور 53.5 کلو افیوم برآمد کر لی۔

ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق ایم ون صوابی ٹول پلازہ پر موٹر وے پولیس کی جانب سے ڈرائیور کو بریفنگ کا عمل جاری تھا، صوابی سے داخل ہونے والی ایک مشکوک گاڑی کو روکنے کا اشارہ کیا گیا جس پر ڈرائیور نے گاڑی موقع سے بھگا دی۔

اس صورتحال میں موٹروے پولیس کی جانب سے مشکوک گاڑی کا پیچھا کیا گیا لیکن ڈرائیور خطرناک طریقے سے گاڑی بھگاتا رہا، اپریشن میں موٹروے پولیس کی ایک سے زائد گاڑیوں نے سڑک پر موجود دیگر گاڑیوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے حصہ لیا۔

پولیس کو پیچھے آتے دیکھ کر ملزم صوابی کے قریب گاڑی سڑک پر چھوڑ کر اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گیا۔

گاڑی کی تلاشی لینے پر بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئی، جس میں 128.5 کلو چرس اور 53.5 کلو افیوم شامل تھی۔

موٹروے پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور ملزم کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔

موٹر وے پولیس ترجمان کے مطابق سیکٹر کمانڈر ایم ون شفیق الرحمن کا اے این ایف پشاور سے رابطہ ہوا ہے اور مزید قانونی کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version