نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت نگران وفاقی کابینہ کا اجلاس ختم ہونے کے بعد اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
نگراں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے آغازمیں باجوڑ میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی گئی۔
وفاقی کابینہ نے فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے 227 ڈیلی ویجز اساتذہ کو ریگولر کرنے اوروزارتِ داخلہ کی سفارش پر جبری گمشدگیوں پر بنائی گئی کابینہ کمیٹی کی تشکیل نو کی منظوری دے دی۔
جبری گمشدگیوں پرکابینہ کمیٹی کی سربراہی وزیرقانون کریں گے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کی نئی عمارت میں وفاقی عدالتیں اور ٹربیونلز کے لیے وقف کرنے کی منظوری کے ساتھ ساتھ سپریم کورٹ رجسٹری کی نئی عمارت کے ڈیزائن میں تبدیلی کی بھی منظوری دی گئی۔
