نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے کہا ہے کہ امن و امان نگران صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے پولیس لائنز پشاور کا دورہ کیا اور یادگار شہداء پر حاضری دی۔
وزیر اعلیٰ نے پولیس لائنز میں منعقدہ دربار میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے، قوم پولیس کی ان قربانیوں پر فخر محسوس کرتی ہے، پولیس جوان عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے جان ہتھیلی پر رکھ کر فرائض انجام دے رہے ہیں، پولیس فورس ایک فتنے کو ختم کرنے کے لئے جہاد کر رہی ہے، یہ اس قوم پر پولیس فورس کا بڑا احسان ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں حکومت اور پوری قوم پولیس کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
سید ارشد حسین شاہ نے کہا کہ انشاء اللہ ہم مل کر اس ناسور اور فتنے کو ختم کریں گے، دشمن کے بزدلانہ واقعات سے پولیس کے حوصلے پست نہیں ہونگے، پولیس جوانوں کا مورال ہمیشہ کی طرح بلند ہے، امن و امان نگران صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے، پولیس کی تمام تر ضروریات ترجیحی بنیادوں پر پوری کی جائیں گی، پولیس کو جدید آلات سے لیس کرنے کے لئے وسائل کی کمی کو آڑے نہیں آنے دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس کے زخمیوں کے سرکاری طور پر علاج کے لئے خصوصی فنڈز کا بندوبست کریں گے، پولیس جوانوں کے ذہنی سکون کا ہر طرح سے خیال رکھیں گے۔
