ڈاکوؤں نے بیوپاریوں کی ایک بس پر دھاوا بول کر 4 کروڑ روپے لوٹ لیے جس کے بعد وہ آسانی سے فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور سے لاہور جانے والی بس میں سوار تمام مسافروں کو ڈاکو ضلع چکوال کی حدود میں لوٹ کر فرار ہوگئے جس کی ایف آئی آر راولپنڈی کے تھانہ جاتلی میں درج کروائی گئی۔
پولیس میں درج رپورٹ کے مطابق بیوپاری پشاور سے لاہور خریداری کے لیے جا رہے تھے کہ بلکسر انٹر چینج کے قریب دھند کے باعث بس کو موٹروے سے جی ٹی روڈ کی جانب موڑا گیا اور اس دوران 7 ڈاکو اسلحے سمیت چلتی ہوئی بس میں سوار ہوگئے۔
ڈاکوؤں نے بس میں سوار 41 بیوپاریوں کو اسلحہ کی نوک پر یرغمال بنایا اور انہوں نے بس رکنے نہیں دی بلکہ 45 منٹ تک چلتی ہوئی بس میں واردات کرتے رہے، اس دوران انہوں نے بیوپاریوں سے 4 کروڑ سے زائد رقم لوٹی اور بعد ازاں فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
متاثرہ بیوپاری تھانہ جاتلی پہنچے تو راولپنڈی پولیس نے حدود کا تنازعہ بنا دیا اور رپورٹ درج ہونے کے باوجود واقعے کو چکوال پولیس کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کر دی۔ پولیس کے غیر مناسب رویے سے پریشان بیوپاریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے نوٹس لے کر فوری ملزمان کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
