پاکستان مسلم لیگ ن نے پارٹی کے رہنما طلال چوہدری کو سینٹ کا ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت نے پارٹی رہنما طلال چوہدری کو سینٹ کا ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے اور انہیں صوبائی اسمبلی کے دو حلقوں کی ٹکٹیں بھی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی پی 101 کی نشست پر طلال چوہدری کے والد محمد اشرف چوہدری الیکشن لڑیں گے۔
جبکہ پی پی 100 کی نشست پر طلال چوہدری کے نامزد خان بہادر ڈوگر الیکشن لڑیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے پارٹی فیصلے سے طلال چوہدری کو آگاہ کر دیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے بھی طلال چوہدری کو سینٹ ٹکٹ دینے کی خوشخبری سنا دی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کی جانب سے ملک نواز کو میئر فیصل آباد بنانے کا بھی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
رانا ثناء اللہ نے سینٹ کا ٹکٹ دیئے جانے پر طلال چوہدری کو کہا کہ عوام دشمن حکومت سے نجات دلانے میں آپ کا بڑا حصہ اور قربانی ہے۔
رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ پارٹی آپ کی قربانیوں اور محبت کی قدر کرتی ہے، اور جماعت آپ کی مخلصانہ جدوجہد کو بھول نہیں سکتی۔
قومی اسمبلی کا ٹکٹ نہ دینے پر رانا ثناء اللہ نے طلال چوہدری کو کہا کہ اس کا مطلب آپ کو نظر انداز کرنا نہیں ہے۔
