شمالی کوریا سے بیلسٹک میزائلوں کی روس منتقلی پر امریکا نے روسی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کردیں۔
بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے تین روسی اداروں اور ایک شخص پر پابندیاں عائد کی ہیں جو یوکرین کے خلاف روس کے استعمال کے لیے شمالی کوریا کے بیلسٹک میزائلوں کی منتقلی اور تجربے میں ملوث ہیں۔
رپورٹس کے مطابق شمالی کوریا کے بین البراعظمی میزائل کے تجربے اور ان میزائلوں کی منتقلی میں مبینہ طور پر ان تین روسی اداروں نے کردار ادا کیا۔
امریکا کی جانب سے روس پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ شمالی کوریا کے بیلسٹک میزائلوں کو یوکرین کے خلاف جنگ میں استعمال کرنا چاہتا ہے۔
روسی اداروں کے خلاف پابندیوں کا اعلان واشنگٹن اور اس کے اتحادی ممالک کی جانب سے شمالی کوریا اور روس کے درمیان ہتھیاروں کے تبادلے پر تنقید کے بعد سامنے آیا ہے۔
واضح رہے کہ ماسکو اور پیانگ یانگ دونوں یوکرین کے تنازع کے آغاز کے بعد سے قریب آچکے ہیں تاہم وہ ہتھیاروں کے کسی بھی معاہدے سے انکار کرتے ہیں۔
