عام انتخابات کی تیاریوں اور سیکورٹی امور کا جائزہ لینے کے لئے چیف سیکرٹری و آئی جی پولیس خیبر پختونخوا کی سربراہی میں اہم اجلاس ہوا ہے۔
اجلاس میں تمام متعلقہ انتظامی سیکرٹریوں، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ سمیت دیگر محکموں کے سربراہان شریک ہوئے جبکہ اجلاس میں صوبے کے تمام ڈویژنل کمشنرز ، ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ و ریجنل پولیس افسران بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
اجلاس میں عام انتخابات کے دوران سیکورٹی انتظامات کاتفصیلی جائزہ لیا گیا۔
چیف سیکرٹری کی ہدایت پر دیگر متعلقہ محکموں کے اہلکار و شہری دفاع کے رضاکاربھی ڈسٹرکٹ پولیس افسران کی نگرانی میں پولیس کی معاونت کے لئے فرائض سرانجام دینگے، انتخابات کے دن پولیس کی بڑی افرادی قوت سیکورٹی پر مامور ہونگے۔
محکمہ جنگلات سے 1200، وائلڈ لائف 700، ایکسائیز 500، انٹی کرپشن 270، بہبود آبادی (خواتین) 1977، صحت (خواتین) 12 ہزار ملازمین سمیت شہری دفاع سے 4125 رضاکار پولیس کی معاونت کے لئے دستیاب ہونگے جبکہ تمام انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے
اجلاس میں محکمہ ریلف کو سیاسی وابستگی کے بغیر شہری دفاع کے رضاکاروں کی تصدیق کرانے کی ہدایت کی گئی جبکہ اجلاس میں 23 برفانی اضلاع میں بلاتعطل انتخابات کے عمل کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔
اجلاس میں برفباری سے زیریں علاقوں کونقل مکانی کرنے والے عوام کو ووٹ کی سہولت کے لئے پولنگ سٹیشنز قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
پولنگ اسٹیشنز پر سہولیات کی دستیابی کے حوالے سے فنڈز صوبائی حکومت خیبر پختونخوا کی جانب سے فراہم کردیئے گئے ہیں۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری کی جانب سے جنرل الیکشن 2024ء کے لئے اب تک کے کیے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد کروایا جائے گا۔
