Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ہم حکومت میں آتے ہی غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ کریں گے، بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم حکومت میں آتے ہی غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ میں پیپلز پارٹی کی عوامی معاشی معاہدے کی لانچنگ تقریب میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کو موبلائز کرینگے تاکہ سفید پوش گھر بنا سکیں، پرائیوٹ سیکٹر میں بھی براہ راست سرمایہ کاری کا پلان بنایا ہے، تعلیمی شعبے پر خصوصی توجہ دیں گے تاکہ ہر بچہ تعلیم حاصل کر سکے، غریب خاندانوں کے بچوں کو وسیلہ تعلیم کے ذریعے مفت تعلیم دلوائیں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ غریب بچوں کو اسکول کے لیے وظیفہ دیں گے، ملک بھر میں گرین انرجی پارکس بنائیں گے، گرین انرجی پارکس کے لیے پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کو ترجیح دیں گے، بی آئی ایس پی کا دائرہ کار مزید بڑھائیں گے، موسمیاتی تبدیلی میں پاکستان کا حصہ کم ہے، موسمیاتی تبدیلی سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہے، سیلاب کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، عالمی موسمیاتی تبدیلی نے پاکستان کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 5 سالوں میں دودھ گھی دالوں کی قیمت میں بہت زیادہ اضافہ ہوا، ان سالوں میں بجلی کی قیمتوں میں 227 فیصد اضافہ ہوا اور پیٹرول کی قیمتوں میں 95 فیصد اضافہ ہوا، گھر کے اخراجات 70 ہزار ماہانہ تک پہنچ گئے ہیں، نو کروڑ 30 لاکھ افراد غربت کی لکیر سے نیچے ہیں، سرمایہ کاری اور ملازمتیں پیدا کرنے کے لیے کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم غریبوں کو کم از کم 30 لاکھ گھر بنا کر مالکانہ حقوق دیں گے، ملک بھر میں کچی آبادیوں کو ریگولرائز کر کے مالکانہ حقوق دیں گے، کچے میں رہنے والوں کو بھی مالکانہ حقوق دیں گے، کچے کے ڈاکوؤں کو کہتے ہیں ہتھیار پھینک دیں۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ وسیلہ صحت پروگرام سے ملک بھر میں مفت علاج ہو گا، کسان کارڈ کے ذریعے سب کسانوں کی رجسٹریشن کرائیں گے، کسان کارڈ کے ذریعے کسانوں کوبراہ راست سبسڈی دی جائے گی، چھوٹے کسانوں اور ہاریوں کے لیے انشورنس پروگرام لائیں گے۔

 

متعلقہ خبریں

Exit mobile version