تھائی لینڈ میں آتش بازی کا سامان بنانے والی فیکٹری میں دھماکے سے 17 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کی خبر کے مطابق یہ دھماکہ مقامی وقت کے مطابق شام تین بجے کے قریب دارالحکومت بنکاک سے تقریبا 120 کلومیٹر شمال میں واقع صوبہ سفن بوری کے ایک دور افتادہ علاقے میں ہوا۔
رپورٹس کے مطابق تھائی لینڈ میں چینی نئے سال کی آمد کے موقع پر ملک میں آتش بازی کے سامان کی مانگ میں غیر معمولی اضافہ ہو جاتا ہے۔
آتش بازی کے سامان کی مانگ کی وجہ سے تھائی لینڈ میں ایک ماہ کے لیے متعدد فیکٹریاں قائم ہو جاتی ہیں جو چینی قمری سال کی تقریبات کے لیے آتش بازی کا سامان بنانے ہیں۔
تھائی لینڈ کے سفن بوری نامی علاقے میں قائم یہ فیکٹری بھی چاول کے کھیتوں میں قائم تھی، جس میں حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے برابر تھے۔
ریسیکیو ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق فیکٹری میں ہونے والے دھماکے کے بعد اردگرد انسانی اعضاء بکھرے پڑے ہیں، جبکہ فیکٹری شعلوں میں گھری ہوئی ہے۔
صوبائی گورنر نے خبر رساں کو بتایا کہ فیکٹری میں دھماکے کے بعد 17 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ متعدد زخمی ہیں، زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس کے کرنل تھیراپوج روانگبان نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ہلاکتیں ہوئیں، فی الحال ہم اس بات کی جانچ کر رہے ہیں کہ کتنے افراد ہلاک ہوئے ہیں۔




















