Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نائجیریا کے جنوب مغربی علاقے میں دھماکہ، 2 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

نائجیریا کے جنوب مغربی علاقے میں ایک عمارت میں دھماکے سے 2 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔

قطری خبر رساں ادارے کی خبر کے مطابق نائجیریا کی جنوب مغربی ریاست اویو میں ایک نجی رہائش گاہ میں نصب دھماکہ خیز مواد میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم دو افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔

اویو ریاست کے گورنر نے کہا کہ غیر قانونی کان کنوں کے ذریعہ ذخیرہ کردہ دھماکہ خیز مواد نے منگل کی شام کو دھماکہ کیا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ منگل کی شام عبادان شہر کے علاقے بودیجا میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں متعدد مکانات منہدم ہوگئے جس کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

رہائشیوں نے بتایا کہ اس دھماکے کا اثر شہر کے مختلف حصوں میں بھی محسوس کیا گیا۔

ایک بیان میں گورنر سی ماکنڈے نے کہا کہ دو افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 77 افراد زخمیوں کا علاج کیا جا رہا ہے جن میں سے زیادہ تر کو فارغ کر دیا گیا ہے۔

گورنر نے مزید کہا کہ سیکیورٹی اداروں کی ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ بودیجا کے ایک گھر پر قابض غیر قانونی کان کنوں نے وہاں دھماکہ خیز مواد ذخیرہ کر رکھا تھا جس کی وجہ سے دھماکا ہوا۔

نائجیریا کے تجارتی دارالحکومت لاگوس سے 130 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع عبادان نائجیریا کا تیسرا سب سے زیادہ آبادی والا شہر ہے جس کی آبادی 40 لاکھ ہے۔

گورنر سی ماکنڈے نے کہا کہ تلاش اور بچاؤ کی کارروائیاں جاری ہیں اور ریاستی حکومت اپنے گھروں کو کھونے والوں کے لئے عارضی رہائش فراہم کرے گی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version