چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم بنوں گا تو آمدنی دگنی کر دوں گا۔
تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں تیر اور شیر کے درمیان مقابلہ ہے، پی پی کو بھاری اکثریت سے جتوانا ہے، 100 فیصد نشستیں لیں گے، مجھے وزیراعظم بنوائیں، ملکر غربت کا خاتمہ کریں گے، جیالے عوام کے پاس جائیں اور سمجھائیں اپنا ووٹ ضائع نہ کریں، دوسری سیاسی جماعتیں سیاسی انتقام کیلئے الیکشن لڑ رہی ہیں جبکہ میں عوام کیئے الیکشن لڑ رہا ہوں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ 2018 میں بھی نوشہروفیروز آیا تھا، پہلے بھی نوشہروفیروز کے عوام نے پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا تھا، پیپلز پارٹی کو آپ نے ہر دور میں کامیاب کروایا ہے، پیپلز پارٹی کی جانب سے وزیر اعظم کا امیدوار ہوں گا، ٹھپے پر ٹھپہ تیر پر ٹھپہ لگائیں، ہمارے امیدوار کو جتوائیں، وفاق میں بھی پیپلز پارٹی کی حکومت بنائیں گے، ہم نے ایک عوامی منشور پیش کر دیا ہے، 10 نکاتی ایجنڈے سے غربت، بے روزگاری کا خاتمہ کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا متاثرین سے وعدہ ہے آپ کو گھر بنوا کر دیں گے، سندھ حکومت اس منصوبے کو کامیاب کر کے دکھائیں گے، گھر بنانے کا سب سے بڑا پراجیکٹ پیپلز پارٹی کا ہے، مکان کے حوالے سے قائد عوام کا وعدہ پورا کریں گے، ہم عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں، این آئی سی وی ڈی کا ایک مرکز نوشہروفیروز میں بھی بنائیں گے اور یہاں تعلیم کے حصول کے لیے یونیورسٹی بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے نظریے پر عملدرآمد کریں گے، مقابلہ تیر اور شیر کے درمیان ہے، پیپلز پارٹی کو بھاری اکثریت سے جتوانا ہے، اس الیکشن میں بھی پی پی کو 100 فیصد سیٹس جتوانا ہے، کراچی اور حیدرآباد میں میئر جیالے کو بنوایا، آپ نے پیپلز پارٹی کا منشور لے کر گھر گھر جانا ہے، بجلی کے 300 یونٹ مفت دلوانے ہے، اس بار کسان ہاری کارڈ بھی دلوائیں گے، مالی مدد بھی پہنچائیں گے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مزدور کارڈ لائیں گے، آپ کو پنشن کارڈز دلوائیں گے، بی آئی ایس پی کارڈ منصوبے میں بھی اضافہ کریں گے، نوجوانوں کی سہولت دینے کے لیے یوتھ کارڈ بھی لائیں گے، میں عوام کی خاطر الیکشن میں حصہ لے رہا ہوں۔
