Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پیپلز پارٹی عام انتخابات میں سرپرائز دے گی، خورشید شاہ

خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی عام انتخابات میں سرپرائز دے گی۔

پی پی رہنما خورشید شاہ نے سنگرار میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طاقت کا سر چشمہ عوام ہے، ماضی میں کمشنر سے پوچھ کر نمائندے منتخب کیے جاتے تھے اور اب عوام ووٹوں سے نمائندے منتخب کرتے ہیں، بھٹو نے عوام کو شعور دیا کہ وہ اپنے نمائندے منتخب کریں۔

انہوں نے کہا کہ عوام ہمارے ساتھ ہے، اپنے لوگوں کے سامنے ہم شرمسار نہیں ہیں کیونکہ پی پی نے عوام کی خدمت کی ہے، ہم نے جو وعدے کیے وہ پورے کیے ہیں۔

خورشید شاہ نے یہ بھی کہا کہ سرحد کا نام بدل کر پختونخوا نام دیکر پختونوں کو شناخت دی گئی اور اب ہم ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کرکے ڈبل کریں گے جبکہ بجلی کا مسئلہ ہے، سولر پینلز کے ذریعے مفت بجلی دیں گے، سچ بات یہ ہے کہ بجلی کا بل ادا نہیں کرتے، وعدہ کریں کہ بجلی کا بل دیں گے تو مسئلہ حل کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہاں ایک ڈگری کالج تھا آج روہڑی، سکھر، صالح پٹ میں پانچ ڈگری کالج بن چکے ہیں، سب کو چیلنج ہے کوئی آکر بتائے جو ہم نے وعدہ کیا ہو اور وہ پورا نہ کیا ہو۔

خورشید شاہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ لیڈر سچ نہیں بولے گا تو وہ گیدڑ ہوتا ہے، ہم نے خواتین کی تعلیم کو ترجیح دی، ہم نے وعدہ نہیں کیا پھر بھی ہم تیس لاکھ گھر دے رہے ہیں، گھروں کی تیاری جاری ہے، رواں سال تیس ہزار گھر بن جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ روٹی کپڑا اور مکان کا وعدہ پورا کریں گے جبکہ 400 ایکڑ پر روہڑی میں اکنامک زون منظور کر لیا گیا ہے، ہزاروں کی تعداد روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

پی پی رہنما خورشید شاہ نے مزید کہا کہ کبھی جھوٹ نہیں بولا، کبھی منافقت نہیں کی۔ آپ کی خوشحالی ملک کی خوشحالی ہے،8 تاریخ کو الیکشن ہیں، یہ الیکشن عوام کو اپنے لیے لڑنی ہے،پیپلز پارٹی عام انتخابات میں سرپرائز دے گی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version