اسرائیل نے خان یونس میں بمباری کرکے 77 فلسطینیوں کو شہید کردیا جب کہ درجنوں فلسطینی زخمی ہوگئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری ہے جب کہ حال ہی میں خان یونس میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 77 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
اسرائیل نے العمل اسپتال کے قریب بھی فائرنگ کی جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 142 فلسطینی شہید ہوئے اور 278 فلسطینی زخمی ہوگئے۔
یاد رہے کہ غزہ میں جاری صیہونی جارحیت کے نتیجے میں اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 24 ہزار 762 سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ 62 ہزار 108 زخمی ہیں۔
اقوام متحدہ کی خواتین ایجنسی کے مطابق طبی امداد نہ ملنے سے 60 ہزار حاملہ خواتین کی جانوں کو خطرہ لاحق ہے جب کہ غزہ میں ہر گھنٹے میں دو مائیں جاں بحق ہورہی ہیں۔
اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں غزہ کی 85 فیصد آبادی بے گھر ہوچکی ہے، قحط اور بیماریاں پھیلنے کے خدشات ہیں۔
یونیسیف نے کہا کہ غزہ میں جنگ کے دوران 20 ہزار بچوں کی پیدائش ہوئی، جنگ زدہ علاقوں میں بچے کی پیدائش ایک اور زندگی کو جہنم میں ڈالنے کے مترادف ہے۔
دوسری جانب اسرائیل اسرائیل نے غزہ میں جھڑپوں کے دوران ایک اور فوجی کی ہلاکت کا اعتراف کرلیا ہے۔
3 اسرائیلی فوجیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے جب کہ غزہ میں زمینی کارروائی میں ہلاک اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 194 ہوگئی۔
