ملک کے بالائی علاقوں میں جاری دھند کے باعث پی آئی اے کا فضائی آپریشن متاثر ہوا ہے۔
ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کا اپنے ایک بیان میں کہنا ہے کہ ہفتہ کو اسلام آباد میں جاری شدید دھند کے باعث پرواز کے شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے،اسلام آباد میں دن 12 بجے بھی حد نگاہ 150 میٹر سے کم رہی جو کہ ایئربس 320 کی پروازوں کیلئے غیر محفوظ ہے۔
ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ اسلام آباد آمد والی پروازیں، پی کے 182 شارجہ تا اسلام آباد، 162 ابوظہبی تا اسلام آباد اور 168القسیم تا اسلام آباد کا رخ لاہور کی طرف موڑ دیا گیا جبکہ سکردو کی پرواز پی کے 451/452، دبئی کی پرواز پی کے 211/212، 233 اور کراچی کی پرواز پی کے 308 منسوخ کی گئی ہے، دبئی تا لاہور کی پروازیں پی کے 236 منسوخ جبکہ ریاض تا لاہور کی پرواز پی کے 726 کراچی ڈائیورٹ ہوگی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ پروازوں کے مسافروں کی زحمت کم از کم کرنے کیلئے اقدامات لے لئے گئے، موسم میں بہتری نا ہونے کے باعث مسافروں کو فوری معلومات فراہم کرنے، متبادل کنکشن دینے اور ہوٹل قیام کا بندوبست ان اقدامات میں شامل ہیں۔
عبداللہ خان کا کہنا تھا کہ مسافروں سے بھی التماس ہے کہ اپنی پروازوں سے متعلق بروقت معلومات کیلئے پی آئی اے کال سینٹر سے رابطے میں رہیں،پی آئی اے انتظامیہ اپنے تمام مہمانوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، ائیرپورٹ عملہ ان کہ ہر ممکن خدمات میں مصروف ہے۔
ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کا مزید کہنا تھا کہ دھند موسمی عمل ہے اور یہ پی آئی اے کی بساط سے باہر ہے لہذا مسافروں سے درخواست ہے کہ وہ دھند میں پروازیں آپریٹ کرنے پر اصرار نا کریں،فضائی حفاظت تمام چیزوں پر مقدم ہے، تاخیر یا منسوخی کی کوفت ضرور ہے مگر انسانی جانوں سے اہم نہیں۔
