Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

تعلیم کا شعبہ ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے ،محسن نقوی

محسن نقوی نے کہا ہے کہ تعلیم کا شعبہ ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کریسنٹ ماڈل ہا ئر سکینڈری اسکول میں منعقدہ انٹرنیشنل ایڈٹیک سمٹ 2024کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طالبہ کی بنائی ہوئی ووٹ کا ؤنٹنگ مشین ماڈل دیکھ کر خوشی ہوئی ویسے بھی آج کل ووٹنگ مشین کی کافی ضرورت ہے، طلبہ کو حصول تعلیم کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں پر بھی توجہ دینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا عملی زندگی میں بہت فائدہ ہوتا ہے، پڑھیں ضرور لیکن باقی سرگرمیاں بھی کریں گے تو عملی زندگی میں کامیاب ہو جائیں گے۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ آج میرے لیے خوشی اور فخرکادن بھی ہے، تعلیم کا شعبہ ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ پڑھائی اور کھیلوں وغیرہ کو ساتھ ساتھ لے کر چلنا چاہیے، کریسنٹ اسکول جیسے ادارے کی تقریب میں شرکت خوشی اور فخر کا باعث ہے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ مختلف ملکوں کی زبانوں کوسیکھنا بہت ضروری ہے، کریسنٹ ماڈل ہائر سکینڈری اسکول میں چینی زبان سکھائی جارہی ہے، اسکول انتظامیہ کو چینی قونصل جنرل کو مدعو کرنا چاہیے،زبان کے فروغ کیلئے قونصل جنرل سپورٹ کریں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اساتذہ کریسنٹ ماڈل ہا ئر سکینڈری اسکول کا سرمایہ ہیں، دعا ہے سکول قائم ودائم رہے،اللہ ہمارے اساتذہ کی عمر دراز کرے، اللہ ہمیں ملک کی ترقی کیلئے کردار ادا کرنے کی توفیق دے۔

محسن نقوی نے کہا کہ جب ہم طالب علم تھے تو کریسنٹ اسکول لاہور کے بہترین اسکولوں میں سے ایک سمجھا جاتا تھا، ایک درمیانے درجے کا طالب علم تھا،کبھی کبھی سزا بھی ملتی تھی، کریسنٹ ماڈل ہائر سکینڈری سکول میں بڑی ہم نصابی سرگرمیوں سے ساری زندگی فائدہ اٹھایا ہے۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مزید کہا کہ خوشی ہوئی کہ کریسنٹ ماڈل ہا ئر سکینڈری اسکول میں سکھ برادری کے بچے بھی تعلیم حاصل کررہے ہیں، بچوں کو مشورہ ہے کہ پڑھائی ہر حال میں جاری رکھیں لیکن ساتھ دیگر مثبت سرگرمیاں بھی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version