پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز منگل 23جنوری کو لاہور میں انتخابی ریلی کی قیادت کرینگی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق پارٹی قائد نوازشریف نے مریم نواز کو ان کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130 میں ریلی نکالنے کی ہدایت کی، مریم نواز قائد نواز شریف کی انتخابی مہم کی قیادت کرینگی۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے قبل مریم نواز اسی حلقے میں اپنی والدہ بیگم کلثوم نواز مرحومہ کی کامیاب انتخابی مہم کی قیادت بھی کر چکی ہیں، مریم نواز 23جنوری کو لیگی رہنما بلال یاسین کے ڈیرہ سے ریلی کاآغاز کریں گی۔
پارٹی ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مریم نواز حلقہ پی پی 174سے ریلی نکالیں گی اور پی پی 173 کے مختلف علاقوں میں جائیں گی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق مریم نواز کو خوش آمدید کہنے کے لئے این اے 130 کے مختلف علاقوں میں استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں گے۔
پارٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مریم نواز چوک سنت نگر، افغان پارک، ابدالی روڈ، ساندہ روڈ، آخری بس سٹاپ، اسلام پورہ سمیت ملحقہ علاقوں کا دورہ کریں گی۔
