سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ اس وقت الیکشن کا التوا پاکستان اور جمہوریت کے لیے نقصان دہ ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اب ہم انتخابی مہم میں جا چکے ہیں، اس وقت الیکشن کا التوا پاکستان اور جمہوریت کے لیےنقصان دہ ہو گا، الیکشن میں جانا ہو گا اس میں خیر نکلے گی، الیکشن کے التوا کی کوشش ہوئی تو مزاحمت کریں گے، مرکز میں 13 جماعتوں کی حکومت تھی، پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، 16 ماہ تو پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانےکی جنگ تھی، پاکستان کو ایٹمی طاقت نواز شریف نے بنایا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کا مطلب 5 سال میں لوڈشیڈنگ ختم کر دیں گے، نواز شریف ن لیگ کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہیں، مینڈیٹ کے بعد نواز شریف کی مشاورت سے پنجاب کی وزارت اعلیٰ کا فیصلہ ہو گا، دہشتگردی دوبارہ سر اٹھا رہی ہے، 9 مئی کا واقعہ نہیں ہوتا تو بانی پی ٹی آئی جیل میں نہیں ہوتے، 9 مئی کو غداری ہوئی، آج پاکستان کو اتحاد اور اتفاق کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قوی امید ہے انتخابات میں سادہ اکثریت مل جائے گی، ہمارا مقابلہ کسی جماعت سے نہیں اپنی ماضی کی کارکردگی سے ہے۔
