نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ اسلام آباد ماسٹر پلان پر نظر ثانی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ہے۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی ترقیاتی ادارے کے امور پر اہم اجلاس آج منعقد ہوا جس میں وزیراعظم کو اسلام آباد میں بائیسکل لینز منصوبے اور اسلام آباد ماسٹر پلان کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ بائیسکل لینز منصوبے میں 374 کلومیٹر لینز اور 150 پارکنگ اسٹیشنز کی تعمیر شامل ہے۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ہدایت کی کہ بائیسکل لینز کا منصوبہ اسلام آباد کے لئے ایک ماحول دوست منصوبہ ہے جس کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ اسلام آباد ماسٹر پلان پر نظر ثانی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ہے، اسلام آباد ماسٹر پلان کے جائزے کے لیے وفاقی کمیشن کی تشکیل جلد از جلد کی جائے جبکہ اسلام آباد میں نئے رہائشی منصوبوں کے لیے عمودی تعمیرات کو ترجیح دی جائے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم نے اجلاس میں متعلقہ حکام کو اسلام آباد میں کاروباری سرگرمیوں کے لیے ہائی رائز عمارات کی تعمیر کے لیے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے مؤثر حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کی جبکہ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو اسلام آباد میں پانی کے مسئلے کے جلد از جلد حل کی ہدایت کی۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے متعلقہ حکام کو شہر میں ٹریفک کے دباؤ میں کمی کے لیے مؤثر حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ کہ اسلام آباد میں پارکنگ کے مسئلے کے حل کے لیے پارکنگ کے لیے مخصوص عمارتیں تعمیر کی جائیں۔
