جاپان کے شہنشاہ کی اکلوتی اولاد شہزادی آئیکو گریجویشن کے بعد ریڈ کراس میں کام شروع کریں گی۔
برطانوی خبر رساں ادارے کی خبر کے مطابق جاپان کے شہنشاہ ناروہیتو کی اکلوتی اولاد شہزادی آئیکو یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد اپریل میں جاپانی ریڈ کراس سوسائٹی میں کام شروع کریں گی۔
اگرچہ شہزادی آئکو کے نئے کردار کی تفصیلات واضح نہیں ہیں ، لیکن وہ شاہی خاندان کے ساتھ سرکاری فرائض جاری رکھیں گی۔
22 سالہ شہزادی جانشینی کی دوڑ میں شامل نہیں ہیں کیونکہ جاپانی قانون صرف مردوں کو تخت پر بیٹھنے کی اجازت دیتا ہے، جاپان میں دنیا کی سب سے قدیم موروثی بادشاہت ہے۔
ایک بیان میں شہزادی آئیکو کا کہنا تھا کہ انہیں ریڈ کراس میں ہمیشہ سے دلچسپی رہی ہے جبکہ ان کے نئے آجر نے مزید کہا کہ وہ مکمل تیاری کرنا چاہتے ہیں تاکہ شہزادی آسانی سے کام کرسکیں۔
ریڈ کراس تنظیم کے شاہی خاندان کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں، جس میں سابقہ ملکہ اعزازی صدور کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی ہیں۔
اکتوبر میں شہزادی آئیکو نے اپنے والدین کے ساتھ 1923 کے ٹوکیو زلزلے کے بعد امدادی سرگرمیوں پر ایک نمائش کا مشاہدہ کرنے کے لیے سوسائٹی کا دورہ کیا تھا۔
حالیہ برسوں میں شہزادی آئیکو نے جاپان میں قدرتی آفات کے متاثرین اور زندہ بچ جانے والوں کے ساتھ بھی ہمدردی کا اظہار کیا ہے، اور متاثرین کی ہر ممکن امداد کے عزم کا اعادہ کیا۔
شہزادی آئیکو فی الحال گاکوشوین یونیورسٹی کی فیکلٹی آف لیٹرز میں اپنے مطالعے کے آخری سال میں ہیں، جو جاپانی زبان اور ادب میں تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔
شہزادی آئیکو کو عام طور پر جاپانی عوام کی طرف سے اچھی طرح سے تسلیم کیا جاتا ہے ، جن میں سے بیشتر نے ان کے نئے کردار کا خیرمقدم کیا ہے۔




















