نگراں وزیر اعظم انوار الحق نے کہا ہے کہ چین ترقی کرتا ہے تو ساری دنیا ترقی کرتی ہے۔
نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے چینی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہورہے ہیں، بی آر آئی کے پہلے مرحلے کے مقاصد حاصل کرلیے ہیں، ترقی کے لیے آئی ٹی اور ڈیجیٹلائزیشن کے میدان میں آگے بڑھنا ہوگا۔
انوار الحق نے کہا کہ معاشی ترقی کے لیےخطے کے ممالک کے ساتھ روابط استوار کرنے کی ضرورت ہے، نئے آئیڈیاز اور خیالات پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔
نگراں وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ چین کے ساتھ شراکت داری پر مبنی تعلقات ہیں، چین ترقی کرتا ہے تو ساری دنیا ترقی کرتی ہے، عوام تک صحیح اور معیاری معلومات پہنچانے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سستی توانائی کے حصول کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہت مواقع موجود ہیں، صنعتی میدان میں ترقی سے معاشی استحکام آئے گا۔
انوار الحق کاکڑ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمیں اپنی پالیسی کا معقول اورمارکیٹ کی سطح پر لانے کی ضرورت ہے، پاکستان میں سبز اور پائیدار ترقی پر توجہ دی جا رہی ہے۔
نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو مینوفیکچرنگ کے شعبے میں خود کفیل کرنا چاہتے ہیں اور پاکستان کواقتصادی شعبے میں خودکفیل کرنا چاہتے ہیں۔
