جاپان کی فٹ بال ایسوسی ایشن نے گول کیپر زین سوزوکی کے ساتھ مداحوں کی نسلی بدسلوکی پر شدید مذمت کی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق جاپان کی فٹ بال ایسوسی ایشن نے ایشین کپ میں گول کیپر کی کارکردگی کے بعد سوشل میڈیا پر زین سوزوکی کے ساتھ نسلی بدسلوکی کرنے والے مداحوں کے شرمناک رویے کی مذمت کی ہے۔
پری ٹورنامنٹ فیورٹ جاپان کو جمعے کو دوحہ میں گروپ مرحلے میں عراق کے ہاتھوں 2-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ جس میں سوزوکی نے ایک گول خود کیا۔
امریکہ میں پیدا ہونے والے 21 سالہ نوجوان، جن کے والد گھانا نژاد امریکی ہیں اور جن کی والدہ جاپانی ہیں، نے کہا کہ بعد میں انہیں سوشل میڈیا پر نسلی طور پر ہراساں کیا گیا۔
اٹلی اور انگلینڈ میں ہفتے کے اختتام پر میچوں کے دوران کھلاڑیوں کے ساتھ نسل پرستانہ بدسلوکی کے دو ہائی پروفائل واقعات بھی پیش آئے۔
جاپانی فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر کوزو تاشیما نے ایک بیان میں کہا کہ ہمارا مؤقف صفر رواداری کا ہے اور ہمارا مقصد اسے ختم کرنا ہے۔
صدر کوزو تاشیما کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا ہدف قطر میں ہونے والا ایشین کپ جیتنا ہے اور کھلاڑی، منیجر، اسٹاف اور جے ایف اے سب متحد ہیں۔
صدر کوزو تاشیما کے مطابق یہ ایک ایسے معاشرے کی اقدار کے خلاف ہے جو تنوع کا احترام کرتا ہے اور شرمناک رویہ ہے۔
