وفاقی حکومت نے 11 ممالک کیساتھ دہشتگردی اور سنگین وارداتوں کے ملزمان سے متعلق قانونی معاونت کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی کابینہ نے 11 ممالک کیساتھ باہمی بنیادوں پر معاونت کی منظوری دیدی، وفاقی کابینہ سے وزارت داخلہ کی سمری پر سرکولیشن کے ذریعے منظوری لی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو بدنام کرنے میں ملوث بیرون ملک مقیم افراد کے خلاف بھی کارروائی ہوگی، امریکہ، برطانیہ اور روس کو مطلوب پاکستانی ملزمان کے خلاف قانونی تعاون کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ پولینڈ، میکسیکو اور ترکی کو سنگین جرائم میں مطلوب ملزمان کے خلاف قانونی تعاون کی منظوری بھی شامل ہے جب کہ پاکستان میں دہشت گردوں کو فنڈنگ میں ملوث ملزمان کے خلاف افغانستان سے قانونی تعاون لینے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
ذرائع نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات سے دہشت گردوں کو فنڈنگ کے ملزمان کے خلاف قانونی تعاون لینے کی منظوری دی گئی ہے جب کہ برطانیہ سے منشیات اسمگلنگ میں ملوث ملزمان کے خلاف قانونی تعاون لینے کی منظوری بھی شامل ہے۔
