صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نےکہا ہے کہ پاکستان تاجکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے پاکستان میں تاجکستان کے سفیر کی الوداعی ملاقات ہوئی جس میں صدر مملکت نے اسلامو فوبیا سےنمٹنے کیلئے اسلامی ممالک کے درمیان مزید تعاون پر زور دیا۔
ملاقات میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اسلاموفوبیا، سائنس و ٹیکنالوجی پر اسلامی دنیا میں تعاون ناگزیر ہے، دورِجدید کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سائنس و ٹیکنالوجی میں تعاون بڑھانا ہوگا
ڈاکٹر عارف علوی نے یہ بھی کہا کہ پاکستان تاجکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ، تاجکستان پاکستان کا سب سے قریبی وسطی ایشیائی پڑوسی ہے جبکہ پاکستان اور تاجکستان کے مابین تجارتی و اقتصادی تعاون کے وسیع امکانات ہیں۔
صدر مملکت نے برادر ممالک کے باہمی فائدے کیلئے اقتصادی تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے پر زور دیا جبکہ صدر مملکت نے تجارت، توانائی اور دفاع سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات پر ِاطمینان کا اظہار بھی کیا۔
ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان غزہ کے عوام کے درد میں دل کی گہرائیوں سے شریک ہے ، غزہ میں اسرائیلی فورسز انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہیں جبکہ غزہ سے دردناک مناظر سامنے آنے کے باوجود عالمی برادری اسرائیلی مظالم روکنے میں ناکام رہی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سبکدوش ہونے والے سفیر کو اسلام آباد میں اپنی مدت ملازمت کی کامیابی سے تکمیل پر مبارکباد دی جبکہ صدر مملکت نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دوستانہ تعلقات کے فروغ کیلئے سفیر کی کوششوں کو بھی سراہا۔
