پیپیلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میں مناظرے اور معائنے کے لئے تیار ہوں۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ ن کے رہنما شہباز شریف کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں مناظرے اور معائنے کے لئے تیار ہوں، میاں نواز شریف مجھ سے خیرپور گمبٹ میں مناظرہ کرلیں جہاں کا اسپتال پنجاب کے کسی بھی اسپتال سے بہتر ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گمبٹ اسپتال میں علاج بالکل مفت ہے اور میاں صاحب نے تین بار وزیراعظم بننے کے باوجود بھی گمبٹ کا دورہ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف تھرپارکر آکر مناظرہ کرلیں، وہاں کے انفرااسٹرکچر کا معائنہ بھی ہوجائے گا اور چولستان سے تھر کا موازنہ بھی ہوجائے گا، تھر میں کوئلے کے منصوبے جس کی نواز شریف اور شہباز شریف مخالفت کرتے تھے، کراچی نہیں بلکہ فیصل آباد کو سستی بجلی فراہم کررہا ہے۔
پیپیلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ میاں صاحب کراچی کے این آئی سی وی ڈی کے باہر مباحثہ کرلیں جہاں گزشتہ برس پنجاب کے 84,390 افراد کا علاج ہوا، میاں صاحب راہ فرار اختیار نہ کریں، براہ کرم بتائیں کہ کس شہر میں اور کس تاریخ کو مباحثہ کرنا ہے۔
