بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ سب مل کر تیر پر نشان لگائیں ہم شیر کا شکار کرینگے۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں اسی شہر میں موجود ہوں جہاں ذوالفقار علی بھٹو کو شہید کیا گیا، میں آج اس جگہ پر موجود ہوں جہاں بینظیر بھٹو نے آخری خطاب کیا، آج پاکستان کے جو حالات ہیں ان حالات میں پاکستان کو پیپلز پارٹی ہی بچا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں نفرت اور تقسیم کی سیاست کی جا رہی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نفرت اور تقسیم کی سیاست کو ہمیشہ کے لیے دفن کریگی، انتخابی منشور اور عوامی معاشی معاہدہ پیش کیا ہے، ہمارا عوامی معاشی معاہدہ غربت کو ختم کرئیگا۔
بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ ایک سیاسی جماعت نے ووٹ کو عزت دو نعرا لگایا مگر عمل میں کیا، میں بتانا چاہتا ہوں اصل طاقت کا سر چشمہ عوام ہے، ملک بھر میں 8 فروری کو عام انتخابات ہونے جا رہے ہیں، اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستان میں کوئی گڈ یا بیڈ طالبان نہیں ہوگا، اگر کوئی آئین پاکستان کو نہیں مانتا تو اس کو منہ توڑ جواب دینگے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کی ن لیگ ماضی کی ن سے مختلف ہے، ایک سازش کے ذریعے چوتھی بار وزیر اعظم بننے کی خواہش ہے، میں ن لیگ کے نظر یاتی کارکنان کو بتانا چاہتا ہوں کہ سازش کا شکار نہ ہو۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان جمہوریت اور نفرت کی سیاست کو ختم کرنے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کو ووٹ دینا ہے، پی ٹی آئی الیکشن سے اب باہر ہے، سب مل کر تیر پر نشان لگائیں ہم شیر کا شکار کرینگے۔
