نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ حکومت عام انتخابات کے آزادانہ اور شفاف انعقاد کیلئے پرعزم ہے۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امیدواروں کی جانب سے انتخابی مہم جاری ہے، انتخابات کے التوا کا کوئی ٹھوس جواز بھی نہیں ہے، ملک میں عام انتخابات کی تاریخ 8 فروری ہے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ماضی سے سبق سیکھتے ہوئے پارلیمان کو قانونی، انتظامی اور الیکشن کمیشن سے متعلق تمام خامیوں کو دور کرنا ہوگا۔مقامی اور عالمی میڈیا کے ساتھ ساتھ مبصرین بھی انتخابات کی مانیٹرنگ اور کوریج کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ جس حد تک ممکن ہو خطے کے معیارات کے مطابق انتخابات آزادانہ اور منصفانہ ہوں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت عام انتخابات کے آزادانہ اور شفاف انعقاد کیلئے پرعزم ہے،8 فروری کو انتخابات کے انعقاد کے ساتھ ہی تمام افواہیں دم توڑ جائیں گی۔ووٹنگ کا وقت 8 فروری کو صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک ہوگا اور ہر ایک کو اچھا ٹرن آؤٹ یقینی بنانے کے لئے اپنا آئینی حق استعمال کرنا چاہیے۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا کہ بد قسمتی سے ابھی تک کوئی سیاسی جماعت ملک کی معاشی صورتحال میں بہتری کا کوئی ایجنڈا سامنے نہیں لے کر آئی، پارٹیوں کے تمام انتخابی منشور جن میں نوکریاں، پناہ گاہیں، سستی بجلی، فوڈ سکیورٹی اور دیگر شامل ہیں ان کا براہ راست تعلق مستحکم معیشت سے ہے۔
