بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ وزیراعظم بنا تو عوام کی آمدنی دگنی کرکے دکھاؤں گا۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پیپلزپارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈی آئی خان کے عوام نے جس جذبے سے خیر مقدم کیا اس پر شکرگزار ہوں،جن دہشتگردوں کو آپ نے چھڑوایا تھا وہی دہشتگرد پھر سراٹھارہے ہیں، ہمارا ملک ایک بار پھر خطرے میں ہے ، روایتی سیاستدانوں میں اہلیت نہیں ان مسائل کا سامنا کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب سے ڈی آئی خان سے سندھ بلوچستان کو نقصان ہوا، پیپلزپارٹی پاکستان کے عوام کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتی ، ان حالات میں پاکستان کے عوام کو ریلیف چاہیے، باقی تمام سیاسی جماعتیں اشرافیہ کی نمائندگی کرتی ہیں ، وعدہ ہے وزیراعظم بنا تو عوام کی آمدنی دگنی کرکےدکھاؤں گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ آج سورج بھی نکلا ہے موسم بھی اچھا ہے ، ڈی آئی خان کے ساتھ رشتہ تین نسلوں سے چلا آرہا ہے ، قائد عوام نے اسی حلقے سے الیکشن لڑا تھا،8فروری کو ڈی آئی خان میں تیروں کی بارش ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے لیے بلاسود قرضہ فراہم کریں گے تاکہ کاروبار کرسکیں، ڈیرہ اسماعیل خان میں علاج کیلئے مفت اسپتال بناؤں گا، ڈی آئی خان میں یونیورسٹی بناکردیں گے جبکہ بےگھر عوام کے لیے30لاکھ گھر بنا کردوں گا۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ سندھ کے متاثرین کے لیے 20لاکھ گھر بنا رہا ہوں، ڈیرہ اسماعیل خان کے متاثرین کو پکا گھر بناکر دوں گا، جتنی بھی کچی آبادیاں ہیں انکو ریگولرائز کروں گا جبکہ پاکستان کے حقدار عوام کو300یونٹ تک مفت بجلی پہنچاؤں گا۔
